لڑکی والوں سے ایک سوال


لڑکی والے مظلوم کہلاتے ہیں کہ ان سے جہیز اور نقدی کا مطالبہ کیا جاتا ہے پر آج ہم لڑکی والوں سے ایک ایسا سوال پوچھنے جا رہے ہیں کہ ان کی پول کھل جائے گی، دینداری ظاہر ہوجائے گی اور سب کو معلوم ہو جائے گا کہ کون دودھ کا دھلا ہوا ہے۔

معاف کیجیے گا ہمارے الفاظ اگرچہ درست نہ ہوں پر حقیقت تو حقیقت ہے! 


سوال یہ ہے کہ آپ کی لڑکی کے لیے آپ کے سامنے دو رشتے ہیں :


پہلا ایک ایسا لڑکا جو دیندار ہے، پڑھا لکھا ہے، بیوی کے حقوق جانتا ہے، آپ سے نقدی نہیں لےگا، جہیز نہیں لے گا اور سنت کے مطابق نکاح کرے گا۔


دوسرا ایک ایسا لڑکا ہے جو نماز نہیں پڑھتا، داڑھی نہیں رکھتا، دیندار نہیں، بیوی کے حقوق کا پتا نہیں، عیش موج کی زندگی جینے والا اور آپ سے ایک لاکھ پلس+ لے گا، جہیز بھی لے گا اور باجے گاجے کے ساتھ آپ کی بینڈ بجا کر شادی کرے گا۔


اب آپ بتائیں کہ لڑکی کس کو دیں گے؟


رکیے رکیے جناب اتنی آسانی سے آپ جواب نہیں دے سکتے، 

جواب دینے سے پہلے یہ جان لیجیے کہ پہلا لڑکا شادی شدہ ہے اور دوسری شادی کرنا چاہتا ہے یعنی ایک سے زیادہ بیویاں رکھ کر اسلاف کے طریقے پر چلنا چاہتا ہے اور دوسرا لڑکا کنوارا ہے تو اب آپ جواب دے سکتے ہیں کہ لڑکی کس کو دیں گے؟ 


اس کا جواب ہمیں یا کسی کو دینے کی ضرورت نہیں بس اپنے پاس رکھیں اور جان لیجیے کہ آپ کو اچھا لڑکا نہیں چاہیے بلکہ معاشرہ جسے اچھا سمجھتا ہے وہ چاہیے۔

آپ کسی شادی شدہ کو کنواری بیٹی دے دیں گے تو آپ کی ناک کٹ جائے گی لیکن اگر ایک فاسق کو دو لاکھ کی رشوت دے کر دیں گے تو سر بلند رہے گا۔

آپ اپنا سر بلند رکھیے، اپنی بیٹی کی آخرت کے بدلے میں یہ سودا شاید آپ کو بہت مہنگا پڑ گیا پر ہائے رے غفلت! 

اب یہ آپ کس منھ سے کہیں گے کہ مجھ پر لڑکے والوں نے ظلم کیا ہے، آپ نے تو اس کے کنوارے پن (Virginity) کو خریدا ہے تو آپ کیسے مظلوم ہوئے؟

خیر جانے دیجیے ہم بہت زیادہ کہ گئے۔


 ہماری باتوں میں آکر کچھ ایسا نہ کیجیے کہ لوگوں کے درمیان آپ کی ساکھ تباہ ہو جائے بلکہ وہی کیجیے جس سے لوگ راضی ہیں کیونکہ وہ آپ کا گھر چلا دیتے ہیں اور آپ کے لیے آخرت میں سفارش کریں گے؟


عبد مصطفی

Post a Comment

Leave Your Precious Comment Here

Previous Post Next Post