رِی مِکْسْ نعت - عشق یا توہین

یہ بیان کرتے ہوئے بھی تکلیف ہوتی ہے کہ کچھ لوگوں نے نعت رسول جیسی مقدس شے کو بھی کھیل کود اور ناچنے گانے کا ذریعہ بنا لیا ہے! ایک ایسی بَلَا ہمارے معاشرے میں اتری ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے-
ہم بات کر رہے ہیں "رِی مِکْسْ نعت" کی؛ اس میں ہوتا یہ ہے کہ اصل نعت کو کچھ سافٹ ویئرز کے ذریعے رِی مِکْسْ کیا جاتا ہے یعنی اس میں جدید مزامیر کی آواز کو ملایا جاتا ہے جس طرح فلمی گانوں میں مزامیر کی آوازیں ہوتی ہیں! 

یہ آوازیں کئی طرح کی ہوتی ہیں جنھیں نکالنے کے لیے کسی ڈھول کو بجانے یا بانسری میں پھونکنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ سافٹ ویئرز کے ذریعے بنائی جاتی ہیں- دھمک کی آواز جسے "بِیٹ" کہا جاتا ہے اس کے ساتھ کئی طرح کی آوازیں ملا کر نعت کو ایسی شکل دی جاتی ہے کہ سننے سے فلمی گانا معلوم ہوتا ہے-

وہ مقدس اشعار جن میں اللہ کے پیارے رسول ﷺ کی تعریف و توصیف بیان کی جاتی ہیں ان کو گانے کی طرح رِی مِکْسْ بنانا اور پھر اسے بلند آواز سے جلوس و محافل میں بجانا عشق رسول ہے یا توہین؟ 
ایک عام انسان بھی غور کرے تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ یہ کتنی گھٹیا حرکت ہے- اس بَلَا میں ایک اچھی خاصی تعداد مبتلا ہے! 

پہلے سے ہی فلمی گانوں کا بھوت بچپن سے پچپن کے سروں پر سوار ہے، یہ کیا کم تھا جو نعت رسول کی عزت کو پامال کرنے پر اتر آئے! 
ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ للہ اس سے توبہ کریں اور رِی مِکْسْ نعت کا بائیکاٹ کریں-

عبد مصطفی

Post a Comment

Leave Your Precious Comment Here

Previous Post Next Post