ایک ہوتا ہے اتفاقاً کسی پر پہلی نظر پڑتے ہی اس سے پیار ہو جانا اور ایک ہوتا ہے کہ ہم پہلے سے یہ سوچ کر نکلیں کہ ہمیں کسی پر اپنی نظر کو اٹکانا ہے اور کسی سے پیار کرنا ہی ہے- اِن دونوں میں بہت فرق ہے- آج کل جو عشقِ مجازی کا بازار گرم ہے وہ اِسی دوسری قسم کا ہے کہ ہمیں ایک محبوبہ یا ایک عاشق کی تلاش ہے-
جس طرح انسان کی زندگی میں دیگر کئی مقاصد ہوتے ہیں کہ دولت کمانی ہے، شہرت حاصل کرنی ہے، ڈاکٹر، انجینئر بننا ہے ٹھیک اِسی طرح کئی لوگوں نے اسے بھی زندگی کا ایک مقصد بنا لیا ہے کہ ہمیں ایک محبوب تلاش کرنا ہے پھر اسے اپنے دل کی بات بتانی ہے، اس سے باتیں کرنی ہیں، ملاقات کے لیے تڑپنا ہے اور دیگر معاملات کرنے ہیں جو عشق مجازی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں-
ایسی فکر لوگوں کے اندر پیدا کرنے میں فلموں، ڈراموں اور بیہودہ گانوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے- یہی وہ چیزیں ہیں جنھوں نے لوگوں کا بالخصوص نوجوانوں کا دماغ بھرشٹ کر رکھا ہے- ابھی تو حال یہ ہے کہ جس نے جوانی کی دہلیز پر قدم بھی نہیں رکھا وہ بھی عشق مجازی میں دھوکا کھا کر بیٹھا ہے-
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی اولاد اس بلا سے محفوظ رہے تو ان پر دھیان دیں- صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ اس نے کھانا کھایا یا نہیں، اسکول گیا یا نہیں، نہایا یا نہیں بلکہ یہ دیکھیں کہ وہ کس راستے پر ہے؛ کہیں ایسا نہ ہو کہ جل جائے باغ ارماں اور کانوں کو خبر تک نہ ہو!
عبد مصطفی
Post a Comment
Leave Your Precious Comment Here